فرانس بھیجی جانے والی ٹوپیوِں، کشن کورز سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد

اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 8 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کیں


ویب ڈیسک February 20, 2025

فیصل آباد سے کورئیرکے ذریعے فرانس بھیجے جانے والے پارسل سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کے مطابق فیصل آباد سے فرانس بھیجے جانے والی ٹوپیوں اور کشن کورز میں جذب 1.210 کلو ہیروئن برآمد کی لی گئی۔ لاہور میں کورئیر سے ہانگ کانگ جانے والے پارسل میں موجود لیڈیز کپڑوں میں جذب 1.660 کلو گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ کراچی سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے بھی 10.6 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔

اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 493.47 کلو گرام منشیات برآمد کیں۔  بلوچستان میں پشین کے غیر آباد علاقے میں 2 مختلف کاروائیوں میں 455 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب کار میں چھپائی گئی 20 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے  3 ملزمان  کو گرفتارکرلیا گیا۔

اسلام آباد میں مال کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے ایک کلو آئس اور 2 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے برقمبر خیل میں ٹریکٹر لوڈر سے منشیات برآمد کر لی گئیں۔ پولیس کے مطابق برآمد منشیات میں 125 کلوگرام افیون اور 200 گرام چرس شامل ہے۔ ٹریکٹر لوڈر میں منشیات کو انتہائی مہارت سےچھپایا گیا تھا۔منشیات لے جانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔   
 

مقبول خبریں