پی ٹی آئی کا کے پی کے میں سینیٹ انتخابات بلا مقابلہ کرانے کا فیصلہ، امیدواروں کے نام فائنل

اعلامیے کے مطابق خرید و فروخت کے شرمناک عمل کے خاتمے کے لیے بلا مقابلہ الیکشن کو ترجیح دی گئی

پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات بلا مقابلہ کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ۔ یہ فیصلہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو 18 جولائی 2025 کو منعقد ہوا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیئرمین عمران خان نے سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی امیدواروں کے نام فائنل کر دیے ہیں جن کی سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی نے توثیق کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ خرید و فروخت کے شرمناک عمل کے خاتمے کے لیے بلا مقابلہ الیکشن کو ترجیح دی گئی۔ عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کو انتخابی طریقہ کار طے کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جس پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اعتماد کا اظہار کیا۔

فائنل کیے گئے امیدواروں میں جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری شامل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشست کے لیے روبینہ ناز، ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی اور سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: پی ٹی آئی کے ناراض سینیٹ امیدواروں اور گنڈاپور میں مذاکرات ناکام، کارکنوں کی وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی

واضح رہے کہ اس سے قبل سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن کے معاہدے کے خلاف پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں نے دست بردار ہونے سے انکار کردیا تھا اور وزیراعلیٰ کے پی سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی دی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے بلا مقابلہ انتخابات کے فیصلے کی کثرت رائے سے منظوری دے دی ہے اور دیگر امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اعلامیہ کے بعد بھی ناراض امیدوار الیکشن سے دستبرداری کا فیصلہ نہ کرسکے، سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ناراض امیدواروں کا مشاورتی اجلاس جاری ہے، ناراض امیدواروں کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد سیاسی کمیٹی کو فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

 

Load Next Story