جامعہ مظہر العلوم حمادیہ اتحاد ٹاؤن میں جشن آزادی کی تقریب
کراچی: جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحاد ٹاؤن میں یوم آزادی کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پرجامعہ کے احاطے میں پرچم کشائی کی گئی اور طلباء کی جانب سے وطن عزیر سے محبت کے اظہار میں تقاریر، ٹیبلوز، نعت اور قومی نغمے پیش کئے گئے۔
مقررین نے طلباء و نوجوان نسل کو تحریک پاکستان کے مختلف واقعات سنائے اور قربانیوں کی لازوال داستانوں سے آگاہ کرتے ہوئے نہ صرف مادر وطن کی محبت، ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی بلکہ ان کو آزادی جیسی عظیم نعمت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
یوم آزادی کے پروگرام میں شرکت پر طلباء و ننھی طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور زندگی کے ہر میدان میں پاکستان زندہ باد کی آواز بنیں گے،
مقررین نے کہا کہ پاکستان بنانے میں علماءکا بنیادی کردار تھا، پاکستان کو مضبوط بنانے میں بھی علماءکرام و اہل مدارس اہم کردارادا کرینگے، نئی نسل کو اکابر علماءکرام کی قربانیوں سے آگاہ کرنے اور آزادی کی اہمیت سے آشنا رکھنے کےلئے یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے سے منانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہم سب دل میں یہ عہد کریں کہ آباءواجداد کی اس وراثت کی حفاظت کرینگے اور اس ملک کو آزادی دلانے والے جانثاروں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرینگے اور ملک سے اپنی محبت کو صرف نعروں اور جملوں سے نہیں بلکہ اپنے کردار و عمل سے ثابت کرینگے،
اس موقع پر ملکی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امن ،خوشحالی کےلئے اور پاک فوج،پاکستان رینجرز، سندھ پولیس سمیت سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کی حفاظت اور شہدائے وطن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔