ایران کے ایٹمی پروگرام پر یورپی ممالک کا سخت انتباہ، دوبارہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کا عندیہ

یورپی وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ بطور معاہدے کے دستخط کنندگان، انہیں مکمل قانونی جواز حاصل ہے


ویب ڈیسک August 14, 2025

لندن / پیرس / برلن: برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کے بڑھتے ہوئے ایٹمی پروگرام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو باضابطہ خط لکھا ہے، جس میں اگست کے آخر تک کوئی سفارتی حل نہ نکلنے کی صورت میں پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ — ژاں-نوئل بارو (فرانس)، ڈیوڈ لیمی (برطانیہ) اور جوہان ویڈفل (جرمنی) — نے خط میں کہا کہ اگر ایران نے مقررہ ڈیڈ لائن تک معاہدے کی پاسداری نہ کی تو وہ "اسنیپ بیک میکانزم" استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ میکانزم 2015 کے جامع مشترکہ ایکشن پلان (JCPOA) کا حصہ تھا، جس کے تحت ایران پر عائد اقوام متحدہ کی پابندیاں نرم کی گئی تھیں۔

یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب جون 2025 میں اسرائیل نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے 12 روزہ فوجی کارروائی کی، جس میں امریکا نے بھی فضائی حملے کیے۔ ان حملوں کے بعد ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ تمام تعاون معطل کر دیا۔

اس سے پہلے بھی ایران پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگتے رہے ہیں، جن میں یورینیم کے ذخائر کو معاہدے میں طے شدہ حد سے 40 گنا بڑھانا شامل ہے۔

یورپی وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ بطور معاہدے کے دستخط کنندگان، انہیں مکمل قانونی جواز حاصل ہے کہ ایران کی عدم تعمیل کی صورت میں پابندیاں بحال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن ایران کی موجودہ روش مذاکراتی عمل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پچھلے ماہ اقوام متحدہ کو خط میں مؤقف اختیار کیا کہ یورپی ممالک کے پاس پابندیاں بحال کرنے کا قانونی حق نہیں ہے۔ تاہم، یورپی ممالک نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

 

مقبول خبریں