راولپنڈی؛ تشدد سے خاتون کی ہلاکت اور تدفین کے مقدمے میں اہم پیشرفت

گرفتار ملزم عامر عباس نے دوران تفتیش اہلیہ پر تشدد کا اعتراف کرلیا

راولپنڈی:

تھانہ دھمیال کے علاقے میں تشدد سے خاتون کے جاں بحق ہونے اور کوٹ ادو میں تدفین کی کوشش کے مقدمے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عامر عباس نے دوران تفتیش اپنی اہلیہ پر تشدد کا اعتراف کرلیا۔

ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بیان دیا کہ تشدد کے وقت ثمینہ کا سر گرتے ہوئے بیڈ سے ٹکرایا جس سے گہری چوٹ آئی لیکن سر پر گہری چوٹ لگنے کے باوجود اہلیہ پر مزید تشدد کیا۔ اہلیہ ثمینہ کی حالت خراب ہونے پر بیٹے کے ہمراہ اسپتال لے جاکر داخل کروایا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق مقتولہ ثمینہ پر تشدد کے وقت اسکا بیٹا محمد زمان گھر میں موجود نہیں تھا، ملزمان کے خلاف پہلے بھی ایک مقدمہ درج اور عدالت میں ٹرائل جاری ہے جبکہ زیر سماعت مقدمے میں مقتولہ، اسکا خاوند اور بیٹا نامزد ملزم ہیں۔

ملزم کو بیٹے سمیت کل دوبارہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت پیش کیا جائے گا اور ملزمان سے تفتیش میں حاصل پیش رفت کی رپورٹ بھی کل علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کی جائے گی۔

پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے لیے 6 رکنی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔

Load Next Story