جنوبی کوریا نے چین سے تعلقات بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا

جنوبی کوریا کی اسمبلی کے سابق اسپیکر پارک بائیونگ سیوگ کی سربراہی میں وفد نے چین کے وزیرخارجہ وانگ یی سے ملاقات کی

فوٹو: رائٹرز

بیجنگ:

جنوبی کوریا نے گزشتہ کئی برسوں سے کشیدگی کے بعد چین کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے وفد نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں بتایا کہ چین کے ساتھ حالیہ برسوں میں تعلقات خراب رہے ہیں تاہم اب امید ہے کہ تعلقات معمول پر آئیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے صدر لی جائے میونگ نے وفد کو چین بھیج دیا ہے اور وہ خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن کے دورے پر ہیں۔

جنوبی کوریا کی اسمبلی کے سابق اسپیکر پارک بائیونگ سیوگ کی سربراہی میں وفد نے چین کے وزیرخارجہ وانگ یی سے ملاقات کی اور اپنے صدر کا چینی  صدر شی جن پنگ کو لکھا گیا خط ان کے حوالے کردیا۔

پارک بائیونگ سیوگ نے چینی وزیر خارجہ کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ وفد کی آمد سے چین اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے دروازے کھل جائیں گے جو حالیہ برسوں میں خراب رہے ہیں۔

چین اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات 2017 میں اس وقت خراب ہوگئے تھے جب کوریا نے امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب کی تھی، جس کی چین نے مخالفت کی تھی۔

بعد ازاں 2023 میں بھی تلخ بیانات کا تبادلہ ہوا تھا جب اس وقت کے جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یول نے چین کے خلاف تنقید کی تھی۔

Load Next Story