سیلاب کے بعد احسن اقبال کا کرتارپور کا ہنگامی دورہ، بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کرتارپور کا ہنگامی دورہ کیا اور بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے قدرتی آفت کو بھی سیاست کا ذریعہ بنا دیا ہے اور پاکستان کے ساتھ بروقت معلومات شیئر نہیں کیں، جو انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی طرزِ عمل ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کرتارپور کا ہنگامی دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی، کرتارپور میں بعض زائرین پانی کے ریلوں کے باعث محصور ہو گئے تھے۔
وزیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ان شاء اللہ تمام زائرین کو بحفاظت نکال لیا جائے گا۔
کرتار پور سے زائرین کے انخلاء کے آپریشن کی میں نے خود نگرانی کی اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی۔ الحمدللہ تمام محصور زائرین کو بحفاظت نکالنے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور انتظامیہ پوری تندہی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ ہمارا اولین مقصد یہ ہے کہ ہر زائر کو مکمل تحفظ اور… pic.twitter.com/vxNEMdZs46
وفاقی وزیر نے کہا کہ "یہ بھارت کی آبی جارحیت کی بدترین مثال ہے،بھارت دریاوٴں پر پانی جمع کر کے بغیر اطلاع کے اچانک ریلوں کی صورت میں چھوڑ دیتا ہے، جس سے قیمتی جانوں اور املاک کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ کچھ معاملات قومی تنازعات اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوتے ہیں۔ "آبی وسائل کے معاملے پر ممالک کو تمام اختلافات ایک طرف رکھ کر تعاون کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ انسانی جان و مال کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
احسن اقبال نے بھارت کے اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے قدرتی آفت کو بھی سیاست کا ذریعہ بنا دیا ہے اور پاکستان کے ساتھ بروقت معلومات شیئر نہیں کیں، جو انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی طرزِ عمل ہے۔