خیبرپختونخوا: کوہاٹ پولیس پر حملے کے بعد جوابی آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک
پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردوں کے پولیس وین پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کوہاٹ کے تحصیل لاچی کے علاقے درملک میں پولیس چوکی کے قریب پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر شہید جب کہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایمرجنسی کی اطلاع ریسکیو 1122 کوہاٹ کنٹرول روم کو موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیموں نے بروقت رسپانس کیا اور تمام پوليس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹائپ ڈی اسپتال لاچی منتقل کر دیا جہاں سے دو پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کی نگرانی سینئر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ محمد عارف خٹک اور ایمرجنسی آفیسر حضرت نواب خان خود کررہے ہیں۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار اشفاق شہید جب کہ کانسٹبل یاسر اور شفقت محمود زخمی ہوئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ کوہاٹ میں دہشتگردوں نے پولیس وین پر حملہ کیا، پولیس ٹیم سرچ آپریشن سے واپس آرہی تھی، جوانوں نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کی، حملے میں اے ایس آئی اشفاق شہید ہوگئے۔
بعد ازاں تھانہ لاچی کی حدود میں پولیس نے کامیاب آپریشن میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آر پی او عباس مجید مروت نے کہا کہ تھانہ لاچی کی حدود در ملک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
پولس پر حملے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللّٰہ بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن کی کمان سنبھال لی۔
پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لے کر آپریشن شروع کر دیا، سنگلاخ پہاڑوں اور جنگل میں کئے گئے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر زخمی دہشت گردوں کی تلاش میں آپریشن تاحال جاری ہے۔
آر پی او عباس مجید مروت نے کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا، ہم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔