پاکستان میں یونائیٹڈ نیشنز نیٹ ورک آن مائیگریشن کا باضابطہ آغاز

اقوام متحدہ نے مائیگریشن ملٹی پارٹنر ٹرسٹ فنڈ پروگرام کا بھی افتتاح کردیا

اقوام متحدہ نے پاکستان میں یونائیٹڈ نیشنز نیٹ ورک آن مائیگریشن کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اسلام آباد میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

تقریب میں پاکستان کے پہلے مائیگریشن ملٹی پارٹنر ٹرسٹ فنڈ پروگرام کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد انسانی اسمگلنگ اور مہاجرین کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

یہ منصوبہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور یو این او ڈی سی حکومتِ پاکستان، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے آگے بڑھائیں گے۔

اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ اس نیٹ ورک کا قیام محفوظ، منظم اور باقاعدہ ہجرت کو یقینی بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم ہجرت کے بارے میں مثبت بیانیہ قائم کرنے اور مہاجرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں اقوام متحدہ مائیگریشن نیٹ ورک سیکریٹریٹ کے سربراہ جوناتھن پرینٹس کا ویڈیو پیغام بھی شامل کیا گیا، جس میں انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستانی مہاجر معظم علی نے اپنی کہانی بھی سنائی، جو یورپ کے کٹھن سفر کے بعد آئی او ایم کی مدد سے وطن واپس لوٹے۔

تقریب کے دوران ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثہ بھی ہوا، جس میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ، وزارتِ اوورسیز پاکستانی، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان میں ہجرت کے بہتر نظم و نسق اور گورننس کے لیے تمام شراکت دار مل کر کام کریں گے۔

Load Next Story