امت کی بقا کا راز ختم نبوت کے تحفظ میں ہے، مولانا منظور مینگل

امت کو موجودہ حالات میں سیرت نبوی سے رہنمائی لینا ہوگی، کانفرنس سے خطاب

کراچی: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ کھڈہ کے تحت اقصیٰ مسجد میں عظیم الشان خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر کے علما اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی معروف مذہبی رہنما اور مہتمم جامعہ صدیقیہ مولانا ڈاکٹر منظور احمد مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت کی بقا کا راز عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی صرف دین سے جڑنے میں ہے اور امت کو موجودہ حالات میں سیرت نبوی سے رہنمائی لینا ہوگی۔

جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا نور الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کو اپنی قیادت علما کے سپرد کرنی چاہیے، جبکہ مولانا مفتی عبد المتین نے کہا کہ کھڈہ مارکیٹ کی عوام ہمیشہ علما کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

کانفرنس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ لیاری کے نگران مولانا نعیم اللہ، مولانا ابرار زمان، مولانا فہد ہنگورہ، حافظ عبد الحمید کوہستانی، مولانا شیخ نوید سمیت مختلف علما نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے تحفظ ختم نبوت کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور عزم کیا کہ اس مشن کے لیے ہر قربانی دیں گے۔


 

Load Next Story