پارلیمانی سیکریٹری اقلیتی امور رُوما مشتاق مٹو کا بھٹائی آباد میں ایک خاندان کے تین افراد کے قتل پر دکھ کا اظہار

سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پوری اقلیتی برادری اور انسانیت کے لیے المیہ ہے،قاتل ضرور پکڑے جائیں گے، روما مشتاق مٹو

پارلیمانی سیکریٹری برائے محکمہ اقلیتی امور رُوما مشتاق مٹو نے بھٹائی آباد میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کے بہیمانہ قتل اور دو معصوم بچیوں سمیت خواتین کے زخمی ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

رُوما مشتاق مٹو نے کہا ہے کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا اور بزدلانہ واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پوری اقلیتی برادری اور انسانیت کے لیے ایک المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور محکمہ اقلیتی امور اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور شفاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

رُوما مشتاق مٹو نے یقین دلایا کہ ملزمان کو بہت جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

رُوما مشتاق مٹو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، زخمی بچیوں کے علاج، ورثاء کی مالی معاونت اور قانونی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ متاثرہ خاندان کے گھر جا کر مقتولین کی والدہ اور دیگر لواحقین سے ملاقات کر چکی ہیں اور ان کے دکھ میں شریک ہوئی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، رُوما مشتاق مٹو اسپتال میں زیرِ علاج زخمی خواتین اور بچیوں سے بھی ملاقات کر رہی ہیں تاکہ ان کی ضروریات کا براہِ راست جائزہ لے سکیں۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ اقلیتی برادری سندھ کا روشن چہرہ ہے اور ان کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کسی کو بھی اقلیتوں کے ساتھ ظلم یا ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اصل مجرموں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جا سکے۔

آخر میں رُوما مشتاق مٹو نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور متاثرہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Load Next Story