عرب اسلامی کانفرنس : وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات، اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال

امت مسلمہ کو متحد کرنے پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی تعریف کی، اس ہفتے آپ کے دورۂ ریاض کا منتظر ہوں، محمد بن سلمان

وزیراعظم شہباز شریف دوحا قطر پہنچ گئے جہاں وہ عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے ہنگامی اجلاس میں شریک ہیں، انہوں نے عالمی رہنماؤں سے

قطر کے وزیر ثقافت شیخ عبد الرحمٰن بن حمد بن جاسم بن حمد ال ثانی نے دوحا ائیرپورٹ پر وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

یہ کانفرنس اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کے لیے بلائی گئی ہے۔ کانفرنس میں 50 سے زائد مسلم ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔

اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم کی فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، تاجکستان اور مصر کے صدور، ملائیشیا کے وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطین کے صدر محمود عباس پرتپاک انداز اور گرمجوشی سے ملے۔

https://cdn.jwplayer.com/players/PzNlWjD9-jBGrqoj9.html

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی وزیراعظم کے ساتھ اعلیٰ سطح وفد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور قطر و دیگر علاقائی ریاستوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔

قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی و علاقائی اتحاد کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 11 ستمبر کو دوحا کا دورہ کیا اور قطر کی سلامتی و خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے اس کے عزم کا اظہار کرنے کے لیے قطری قیادت سے ملاقات کی۔

آج دوحا میں منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان اور دیگر مسلمان ممالک کے سربراہان کی شرکت امت مسلمہ میں مضبوط اتحاد اور علاقائی امن قائم کرنے کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

دریں اثنا کانفرنس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے عرب اسلامی اجلاس سے خطاب کیا اور قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین کا مسئلہ حل کرنے پر زور دیا۔

سعودی ولی عہد سے ملاقات

وزیراعظم نے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی۔  دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اسرائیل کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔  وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور مدبرانہ قیادت کو سراہا جس کے نتیجے میں امتِ مسلمہ اس نازک گھڑی میں متحد ہوئی۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر سطح پر، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جہاں پاکستان اس وقت نان پرمننٹ رکن ہے اور دیگر تمام بین الاقوامی و علاقائی فورمز بشمول او آئی سی میں بھرپور سفارتی حمایت فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ میں ایمرجنسی عرب-اسلامی سربراہ اجلاس کا انعقاد اس بات کا واضح پیغام ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اسرائیل کی غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ جارحیت، جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، کے خلاف ایک آواز ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ اس ہفتے وزیراعظم پاکستان کے دورۂ ریاض کے منتظر ہیں، دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کا موقع فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت اور پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں — بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی میں قطر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات — کو سراہا۔

Load Next Story