حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب سکھر ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، دونوں ٹریک بند

پنجاب سے کراچی جانے والی متعدد ٹرینوں کو مخلتف اسٹیشنز پر روک لیا گیا

حیدرآباد:

سکھر سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس کی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث آنے جانے والے دونوں ٹریکس بند ہوگئے، متعدد ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک لیا گیا۔

حادثے کے وقت بوگیوں میں سوتے ہوئے مسافر جھٹکا لگنے سے سیٹ سے نیچے گر گئے جبکہ ایک بوگی کو انجن کی مدد سے ٹریک پر چڑھا کر دیگر متاثرہ دو بوگیوں سے الگ کیا گیا۔

ٹریک سے اترنے والی دیگر دو بوگیوں کو ٹریک پر چڑھا کر وہاں سے ہٹانے کا کام جاری ہے۔ واقعے کے بعد متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے الگ کرکے ٹرین کو کراچی روانہ کر دیا گیا۔

پنجاب سے کراچی جانے والی 4 سے زائد ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ علامہ اقبال ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، بہاالدین زکریا سمیت مختلف ٹرینیں ٹنڈو آدم، اوڈیرو لعل و دیگر اسٹیشن پر کھڑی ہیں۔

ریلوے کے تکنیکی عملے کی جانب سے ریلیف ٹرین کی مدد سے ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔

Load Next Story