اسلام آباد، نجی شاپنگ مال کے رہائشی ٹاور میں ملازمت کا جھانسہ دے کر خاتون سے اجتماعی زیادتی

پولیس نے دو ملزمان کو فوری کارروائی کر کے گرفتار کرلیا، متاثرہ خاتون اسپتال منتقل

(فوٹو: فائل)

وفاقی دارالحکومت میں قائم نجی شاپنگ مال کے رہائشی اپارٹمنٹ میں خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے بعد پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے شکایت درج کرائی۔

خاتون کی شکایت پر مارگلہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ متاثرہ کو میڈیکل کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس نے حراست میں لیے گئے دونوں ملزمان سے بھی تفتیش شروع کردی۔

بعد ازاں تھانہ مارگلہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا جس میں فیصل جلال اور سید حفیظ اللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں لڑکی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور زیادتی کا نشانہ بنایا، انکار کرنے پر ملزمان نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا جبکہ میں ملزمان سے بچانے کے لیے خود کو کمرے میں بند کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور مسلسل تشدد کرتے رہے اور انہوں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قانونی کاروائی کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

Load Next Story