پنجاب بار کونسل کا 27ویں آئینی ترمیم اور دستوری عدالت کے قیام پر اہم مشترکہ اعلامیہ جاری
پنجاب بار کونسل نے 27ویں آئینی ترمیم اور دستوری عدالت کے قیام پر اہم مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔
پنجاب بار کونسل کے چیئرمین ذبیع اللہ ناگرہ اور وائس چیئرمین چوہدری محمد اشفاق کہوٹ نے مشترکہ اعلامیہ میں واضح مؤقف پیش کر دیا۔
پنجاب بار کونسل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق؛ دستوری عدالت کا قیام ایک دیرینہ قانونی تقاضا اور جمہوری ضرورت کے طور پر موجود تھا
میثاق جمہوریت میں بھی دستوری عدالت کا مطالبہ شامل تھا جو جمہوری اور آئینی اہمیت واضح کرتا ہے، اس آئینی اقدام سے ملک میں آئینی حکمرانی مضبوط اور نظام انصاف مزید بہتر ہوگا۔
آئین کے تحت پارلیمنٹ ملکی مفاد، استحکام اور بہتری کیلئے ضروری آئینی ترامیم کا مکمل اختیار رکھتی ہے، 27ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کی عدالتی اصلاحات اور آئینی معاملات کے بروقت حل کیلئے سنجیدگی ظاہر کرتی ہے۔
دستوری عدالت کے قیام سے آئینی مقدمات کی بروقت سماعت اور عدالتی بوجھ میں واضح کمی آئے گی، سیاسی مفادات کیلئے غلط فہمیاں پھیلانا اور آئینی اقدام کی راہ میں رکاوٹ بننا غیر مناسب ہے، ترمیم کا اہم فیصلہ تمام شہریوں کو انصاف کی بہتر فراہمی یقینی بنائے گا۔