شوبز شخصیات کا شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ہراسانی کے واقعے پر شدید ردعمل

کسی کو اس طرح فیملی کے ساتھ عوامی مقامات پر ہراساں کرنا شرمناک عمل ہے، منیب بٹ

کراچی:

معروف ٹی وی اینکر و صحافی شاہزیب خانزادہ کے ساتھ لندن میں ہراسانی کے واقعے کی پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید مذمت کی ہے۔

شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ہراسانی کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نامعلوم شخص اُنہیں ان کی اہلیہ کے ہمراہ شاپنگ مال میں ہراساں کر رہا تھا۔

نامعلوم شخص نے شاہزیب خانزادہ کا پیچھا کرتے ہوئے اُن پر سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا الزام لگایا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہزیب خانزادہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک شاپنگ مال میں موجود تھے کہ اس دوران ایک شخص نے اُن سے بدتمیزی کی۔ شاہزیب خانزادہ نے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دیے بغیر وہاں سے خاموشی سے چلے جانا بہتر سمجھا۔

مزید پڑھیں: شاہ زیب خانزادہ کو اہلیہ کے ہمراہ ہراسانی کا سامنا، ویڈیو وائرل

ہراساں کرنے والے شخص نے اپنے الزامات کی کوئی وضاحت نہیں دی تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے ایک پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں شہزیب خانزادہ اپنے پروگرام میں ’’عدت کیس‘‘ پر گفتگو کر رہے تھے، یہ وہی مقدمہ ہے جو بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان سے شادی کے وقت عدت پوری نہ ہونے کے الزام میں دائر کیا تھا۔

شہباز گل نے اس گفتگو کو ’’گندگی‘‘ قرار دیتے ہوئے ہراسانی کے واقعے کو بالواسطہ طور پر درست ٹھہرایا۔

Load Next Story