دنیا کی مہنگی ترین کامک بک: سپر مین نمبر 1 لاکھوں ڈالر میں فروخت
1939 میں شائع ہونے والی کامک بک سپر مین نمبر 1 ریکارڈ رقم میں فروخت ہو کر دنیا کی مہنگی ترین کامک بک بن گئی۔کامک بک کا شمارہ 91 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں نیلام کیا گیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز 2024 میں ایکشن کامکس نمبر 1 کے پاس تھا، جو60 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
ہیریٹیج آکشنز کے مطابق یہ نادر کامک ایک شمالی کیلیفورنیا کے خاندان کو اپنی آنجہانی والدہ کے گھر کی اٹاری صاف کرتے ہوئے ملی جو کارڈ بورڈ ڈبے میں پرانے اخبارات کے ساتھ رکھی ہوئی تھی۔یہ تاریخی شمارہ جب دنیا کی سب سے بڑی تھرڈ پارٹی گریڈنگ سروس CGCکے پاس بھیجا گیا تو اسے 10 میں 9 کا حیران کن گریڈ دیا گیا۔
یہ سپر مین نمبر 1 کا اب تک کا بہترین حالت میں موجود نسخہ ہے۔ یہ نسخہ 6.0 یا اس سے اوپر گریڈ والے سات شماروں میں سے ایک ہے۔
اس شاندار گریڈنگ اور نایاب حالت نے اسے جمعرات کو ہونے والی نیلامی میں ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونے والی دنیا کی مہنگی ترین کامک بک بنا دیا۔