اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق
اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں واقع سی ڈی اے چوک کے قریب فائرنگ کی گئی۔
نامعلوم ملزمان اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی علی اکبر کو گولیاں مارکر فرار ہوگئے۔
اے ایس آئی علی اکبر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی علی اکبر پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے شہید اے ایس آئی علی اکبر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید اے ایس آئی علی اکبر کے سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
بعد ازاں شہید اے ایس آئی کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سپریم کورٹ کے جج جسٹس اشتیاق ابراہیم نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے شہید اے ایس آئی علی اکبر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی۔ جسد خاکی پر پھول رکھے، اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اے ایس آئی علی اکبر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔