وزیر داخلہ کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر نوجوان سے دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اچانک دورے کے دوران روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے نوجوان سے دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایئرپورٹ پر روکے جانے والے ایک نوجوان کے متعلق امیگریشن اہلکار سے دریافت کرتے ہیں کہ اسکا کیا معاملہ ہے؟ امیگریشن اہلکار بتاتا ہے کہ نوجوان ورک ویزے پر سعودی عرب جا رہا ہے لیکن ڈرائیونگ لائسنس نہیں۔
ویڈیو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا مسافر کو سمجھاتے ہوئے شفقت بھرا انداز دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوال کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کہاں ہے؟ گاڑی چلانی آتی ہے؟ پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس بنوایا؟ مسافر نے جواب دیا کہ گاڑی چلانی آتی ہے لیکن لائسنس نہیں ہے اور نہ ہی بنوایا۔
وزیر داخلہ نے نوجوان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے آپ کو سعودی عرب بھیجوں گا لیکن پہلے یہاں ڈرائیونگ لائسنس بنواؤ کیونکہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر وہاں جا کر دھکے کھاؤ گے خراب ہو جاؤ گے، کوئی تمھاری بات نہیں سنے گا۔ ڈرائیور کی نوکری ہے اور لائسنس نہیں، وہاں سعودیہ والوں نے آپ کا اچھی طرح ٹیسٹ و امتحان لینا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسٹاف کو نوجوان مسافر کی سیٹ ائیرلائن سے کہہ کر ایک ہفتے آگے کروانے اور نمبر لیکر لائسنس بنوا کر دینے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مسافر سے شفقت بھرے انداز کو ایئرپورٹ پر دیگر مسافروں نے بھی سراہا۔