پہلا ون ڈے: بھارت نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی، کوہلی کی شاندار سنچری

جنوبی افریقی ٹیم 350 رنز کے تعاقب میں 332 پر ہمت ہار گئی، کوہلی کے 135 رنز اور کلدیپ کی چار وکٹوں کا فتح میں اہم کردار

ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا بھارت کے 350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 17 رنز قبل ہمت ہار گئی، کوہلی نے 135 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، کلدیپ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

رانچی میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔

کپتان کے ایل راہول 60 اور روہت شرما 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی طرف سے مارکو جانسن، نندری برگر، کوربن بوش اور اوٹنیل بارٹمین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے آغاز کیا تو ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوگئی اور تین کھلاڑی صرف 11 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقی ٹیم نے تمام تیر آزمالیے اور رنز کا پہاڑ عبور کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر 49 ویں اوور کی دوسری گیند پر ٹیم 332 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، 17 رنز سے بھارت کو فتح حاصل ہوئی۔

ساؤتھ افریقین بلے بازوں میں میتھیو نے سب سے زیادہ 72 اور مارکو جیینس نے 70 رنز اسکور کیے،  کوربن نے 67، ٹونی نے 39 اور بریوز نے37 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے چار، رانا نے تین، ارشدیپ نے دو اور کرشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Load Next Story