2025 ٹیسٹ کرکٹ، پاکستانی ٹیم بڑا معرکہ سر انجام نہ دے سکی

اسپنر نعمان علی نے سب سے زیادہ 30 وکٹیں حاصل کیں

لاہور:

رواں سال میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی بڑا معرکہ سر انجام نہ دے سکی،5 میں سے2 ہی میچز میں کامیابی ملی، شان مسعود سب سے زیادہ 397رنز بنانے میں کامیاب رہے، واحد سنچری کپتان ہی نے بنائی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کو 2025 میں صرف 5 ٹیسٹ ہی کھیلنے کا موقع ملا جس میں 2 فتوحات حاصل ہوئیں، تین میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،ٹیم نے سال کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے کیا جس میں 10 وکٹ سے مات ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں ہوم سیریز1-1 سے برابر رہی، ٹیم نے پہلا مقابلہ 127رنز کے بڑے مارجن سے جیتا، اگلے میچ میں 120 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ کیخلاف لاہور ٹیسٹ میں پاکستان نے93 ر نز سے کامیابی حاصل کی، مگر راولپنڈی میں8 وکٹ سے مات ہو گئی۔

رواں سال گرین کیپس نے اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 478 رنز جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹائون میں بنایا، سب سے کم133 رنز ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اسکور کیے۔

کپتان شان مسعود 5 ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 397 رنز بنانے میں کامیاب رہے، محمد رضوان 360 رنز کے ساتھ دوسرے اور بابر اعظم 315 رنز بنا کر تیسرے نمبرپر رہے۔

سال کی واحد سنچری بھی کپتان نے ہی بنائی، شان اور بابر اعظم 3،3 ففٹیز بھی بنانے میں کامیاب رہے۔

اسپنرنعمان علی نے سب سے زیادہ 30 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان 21 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ ابرار احمد 7 شکار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ بہترین بولنگ صرف 41 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی نعمان علی کے نام رہا۔

محمد رضوان نے وکٹ کے پیچھے 18 کیچز تھامے، شان مسعود اور بابر اعظم کے دوران کیپ ٹائون ٹیسٹ میں سب سے بڑی 205رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم ہوئی ۔

Load Next Story