امریکا دنیا کا پرکشش ترین ملک بن گیا، صدر ٹرمپ کا ٹرمپ گولڈ کارڈ کے اجرا کا اعلان

صرف ایک سال پہلے ہمارے ملک کو دیوالیہ قرار دیا جا رہا تھا، امریکی صدر

واشنگٹن:

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ ٹرمپ گولڈ کارڈ ‘ کے اجرا کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ اس منصوبے پر انتہائی پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کی قیادت کر رہا ہے اور ملک تیزی سے معاشی مضبوطی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ صرف ایک سال پہلے ہمارے ملک کو دیوالیہ قرار دیا جا رہا تھا مگر آج امریکا میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اس وقت دنیا کا پُرکشش ترین ملک بن چکا ہے جہاں عالمی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ ملک میں 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی عروج پر تھی، لیکن ان کی انتظامیہ نے تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کر کے مہنگائی کے دباؤ میں نمایاں کمی لائی۔

صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے اوباما کیئر کو فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے بے ضابطگیوں اور غلط پالیسیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ۔

یوکرین کے معاملے پر امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکا اب یوکرین کو فنڈنگ نہیں کر رہا، ان کے مطابق یورپی ممالک اب اپنے دفاع کے لیے امریکا سے میزائل خرید رہے ہیں۔

ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو مشورہ دیا کہ وہ حقیقت پسند بنیں اور ملک میں انتخابات کرائیں کیونکہ یوکرین کے عوام الیکشن اور کرپشن کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔

Load Next Story