اگر فلم دھرندر لیاری میں فلمائی جاتی تو مناظر کیا ہوتے؟ تصاویر وائرل

سوشل میڈیا پر اے آئی سے بنی تصاویر نے تہلکہ مچا دیا

فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کی نئی پروپیگنڈا فلم ’دھرندر‘ باکس آفس پر خوب کامیابی سمیٹ رہی ہے تاہم اس میں فلمائے جانے والے مناظر کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

بھارتی ہدایت کارآدتیہ دھر کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’دھرندر‘ میں پاکستان اور خاص طور پر لیاری کا منفی چہرہ دکھایا گیا ہے جب کہ فلم میں کراچی گینگ وار سے تعلق رکھنے والے کرداروں کو دکھائے جانے پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے کئی سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

فلم کو منفی اور حقیقت کے برعکس دکھانے پر سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس کا کیپشن کچھ یوں رکھا گیا ہے ’اگر دھرندر حقیقت میں لیاری میں شوٹ ہوتی‘؟

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وائرل پوسٹ میں فلم میں شامل مرکزی کرداروں کو لیاری میں مختلف مناظر میں دکھایا گیا ہے۔

مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائی گئی پہلی تصویر میں فلمی کردار چوہدری اسلم، رحمان ڈکیت اور حمزہ علی مزاری کو ایک رکشے کی سواری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک اور اے آئی سے بنائی گئی تصویر میں تینوں ایک گلی میں کھڑے دکھائی دے رہے ہیں، جہاں اندھیرا ہونے کی وجہ سے سنجے دت یعنی چوہدری اسلم نے موبائل کی لائٹ جلا رکھی ہے۔

اسی طرح، ایک ویڈیو میں رنویر سنگھ کو لیاری کی گلیوں میں فٹبال کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے تو دوسری تصویر میں اکشے کھنہ کراچی میں مشہور ایک تکہ بوٹی کی ریڑھی کے سامنے کھڑے ہیں اور ان کے ہاتھ میں پلیٹ بھی موجود ہے۔

آخری تصویر میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجے دت لیاری کے مشہور چیل چوک پر کھڑے ہیں اور ان کے ہمراہ پولیس ورینجرز کے اہلکار موجود ہیں جب کہ عقب میں ٹریفک رواں دواں ہے۔  

Load Next Story