اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی پولیس سے مزاحمت، گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز
سینٹرل جیل اڈیالہ کے باہر پی ٹی آئی کے دھرنے، ہنگامہ آرائی و پولیس سے مزاحمت کے ملزمان سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر بیرونی پولیس نے گرفتار 16 ملزمان سے باقائدہ تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ ملزمان میں محمد حسنات ،محمد یار ،شاہد علی وغیرہ شامل ہیں۔
16 گرفتار ملزمان تین روزہ ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہیں۔ ملزمان سے دیگر ساتھیوں کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں و بانی کی بہنوں علیمہ خان ، ڈاکٹر عظمی، نورین نیازی، قاسم خان، سلمان اکرم راجہ، عالیہ حمزہ ، شوکت بسرا وغیرہ کے خلاف اڈیالہ جیل کے باہر ہنگامہ آرائی، پولیس مزاحمت سمیت سنگین الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمہ میں 32 سے زائد رہنما و کارکن نامزد اور پی ٹی آئی کے 400 رہنما و کارکنوں کو نامعلوم ملزمان میں رکھا گیا ہے۔ نعیم پنجوتھہ، تابش فاروق، طیبہ راجا بھی نامزد ہیں۔
عاطف ریاض ،نادیہ خٹک ، ہارون ، راجا اسد عباس ، ظفر گوندل ، شفقت عباس بھی نامزد کیے گئے ہیں۔ 16 ملزمان موقع سے گرفتار کیے گیے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس پر پٹرول بموں سے حملہ کیا جبکہ ملزمان پر تشدد اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام عائد ہیں۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ اقدام قتل کے تحت درج کیا گیا۔