کراچی میں بھتہ خوروں کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں کی سالانہ رپورٹ جاری
اسپیشل انوسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے کراچی نے رواں سال بھتہ خوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران شہر بھر میں بھتہ خوری کے مجموعی طور پر 171 مقدمات درج کیے گئے، دورانِ تفتیش 75 مقدمات اصل بھتہ خوری کے ثابت ہوئے جبکہ باقی 96 کیسز لین دین، زمین و پلاٹ تنازعات، ذاتی معاملات، لڑائی جھگڑوں اور دیگر نوعیت کے تنازعات سے متعلق پائے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اصل بھتہ خوری کے 75 کیسز میں سے 71 کیسز کو ٹریس کر لیا گیا جبکہ رواں برس کیسز ٹریسنگ کی شرح 95 فیصد رہی۔ ان مقدمات میں مجموعی طور پر 128 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔
ایس آئی یو کے مطابق بھتہ خوری کے ان کیسز میں ملوث 6 بھتہ خور پولیس مقابلوں میں ہلاک ہوئے جبکہ مقابلوں کے دوران مزید 14 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران بھتہ خوری میں ملوث مجموعی طور پر 91 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔