کراچی میں صبح سویرے شدید دھند کا راج، حد نگاہ صفر ریکارڈ
شہر قائد میں آج صبح شدید دھند کے باعث بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر ریکارڈ ہوئی جبکہ سورج نکلنے کے ساتھ حدِ نگاہ میں بہتری آنے لگی۔
شدید دُھند کے باعث شہریوں کو ڈرائیونگ میں مشکلات کا سامنا رہا، دُھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ریکارڈ ہوئی۔ شہری شدید دھند دیکھ کر حیران رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے، اسکیم 33، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شارع فیصل، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، پی ای سی ایچ ایس، ڈیفنس، کلفٹن اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں شدید دھند دیکھی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا آج کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ کل کم سے کم درجہ حرارت 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی کے شمالی علاقوں میں شدید دھند ⚠️⚠️⚠️ pic.twitter.com/dLYdMxYXaQ
— Weather Updates PK (@WeatherWupk) December 21, 2025
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خُشک جبکہ رات اور صبح میں سرد رہے گا۔
گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف سمتوں سے 5 تا 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 95 فیصد رہنے کا امکان ہے
بین الاقوامی پروازیں کراچی کے بجائے مسقط منتقل کر دی گئیں جبکہ نجی ائیرلائن کی پرواز جدہ سے کراچی کے بجائے اسلام آباد منتقل کر دی گئی۔