پاکستان ہمارا سچا اتحادی ہے، یہ دوستی قیامت تک رہے گی: صدر اردوان

مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی جہاز PNS خیبر پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، ترک صدر


ویب ڈیسک December 21, 2025

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کا سچا اور کھرا اتحادی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی قیامت تک قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

بحری پلیٹ فارمز کی شمولیت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی جہاز PNS خیبر پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بحریہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چار ملگیم (MILGEM) بحری جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا گیا تھا، جس پر کامیابی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

صدر اردوان کے مطابق پہلا جہاز PNS بابر 24 مئی 2024 کو پاکستان کے حوالے کیا جا چکا ہے، جبکہ تیسرا جہاز PNS بدر جون 2026 کے اختتام تک اور چوتھا جہاز PNS طارق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ جنگی جہاز پاکستان بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے۔

ترک صدر نے اپنے خطاب کے اختتام پر ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور ناقابلِ شکست ہیں، جو مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔

مقبول خبریں