بارش برسانے والا سسٹم پنجاب بھر میں موجود، بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم پنجاب بھر میں موجود ہے، سسٹم کمزور ہے جس کے لاہور میں بادل چھائے رہیں گے لیکن بارش کے امکانات کم ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی و مغربی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند اور اسموگ جبکہ پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں شدید دھند چھائی رہی۔ تاہم بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ اور گوپس میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کالام اور اسکردو میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم کل پاکستان سے نکل جائے گا، سسٹم نکلنے سے دوبارہ خشک موسم کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ 27 سے 31 دسمبر تک دوبارہ بارش برسانے کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا اور 27 سے 31 دسمبر تک لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت نو زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
گزشتہ روز پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا تھا کہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جب کہ 20 سے 21 دسمبر کے دوران لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ بارشوں کے باعث دھند اور اسموگ کی صورتحال میں کمی آئے گی۔
انہوں نے شہریوں کو اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کے استعمال اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے جب کہ مری میں سیاحوں کے لیے سہولت مراکز قائم ہیں اور ہنگامی صورتحال میں 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔