بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم شدید سرد، رابطہ سڑکیں بند
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا جبکہ رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئیں، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
پشاور شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ درجہ حرارت 11 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
دیر لوئر اور دیر اپر کے شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی، بن شاہی اور عشیرئی درہ میں ایک فٹ برف پڑ چکی ہے۔
ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں میں ہلکی بارش سے موسم شدید سرد ہوگیا جبکہ نتھیاگلی، ایوبیہ اور ڈونگا گلی میں دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش جاری ہے۔
نتھیاگلی، گلیات اور ٹھنڈیانی میں بھی بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔
ڈی جی گلیات کا کہنا تھا کہ موسم بتانے والوں کے مطابق آج سے گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں برف باری کا نیا اسپیل متوقع ہے جبکہ شہری علاقوں میں تیز بارش کے امکانات ہیں۔
ڈی جی گلیات نے ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
برفباری دیکھنے کے شوقین سیاح شوگران اور کاغان کا رخ کر سکتے ہیں۔
بالاکوٹ و گردونواح میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش سے گردو غبار کا خاتمہ ہوگیا اور موسم میں نکھار آگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالاکوٹ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ بارش و برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں غذر کے بالائی علاقہ یاسین میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی، صبح سے جاری برفباری کے باعث یاسین کی رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئیں جس سے عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم بعض اضلاع میں بارش برسا کر گزر گیا اور دوبارہ سے خشک موسم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کمزور ہونے کی وجہ سے لاہور میں صرف بادل چھائے رہے لیکن بارش نہ ہوسکی، بارش کا سسٹم نکلنے سے دوبارہ خشک موسم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 سے 31 دسمبر تک دوبارہ بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، 27 سے 31 دسمبر تک لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں صبح اور رات کے وقت دھند کا راج ہے جبکہ موٹرویز کو دھند کے باعث مختلف جگہوں سے ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ژوب میں درجہ حرارت 0، سبی میں 8، تربت میں 11، نوکنڈی میں 7 اور چمن میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔