شاداب خان کی بگ بیش میں دھوم، چار اوور میں چار وکٹیں

شاداب خان سڈنی تھنڈر کے سب سے نمایاں کھلاڑی قرار پائے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے اپنی فارم کا واضح اعلان کردیا۔ بگ بیش لیگ میں شاندار اسپن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے سڈنی تھنڈر کو سیزن 15 کی پہلی کامیابی دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

پیر کو مانوکا اوول میں کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈر نے برسبین ہیٹ کو 34 رنز سے شکست دی۔ میچ کا فیصلہ کن موڑ شاداب خان کی تباہ کن بولنگ ثابت ہوئی، جس نے برسبین کی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔

اس سے قبل سڈنی تھنڈر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مضبوط بنیاد رکھی۔ اوپنرز سیم کونسٹس اور میتھیو گلکس نے اعتماد کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور سنچری شراکت قائم کی۔ دونوں بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز اسکور کیے۔

سیم کونسٹس نے 45 گیندوں پر 63 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے، جبکہ میتھیو گلکس نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ آخری اوورز میں وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے 11 گیندوں پر 25 رنز بنا کر اسکور کو مزید بہتر کیا، جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

برسبین ہیٹ کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 35 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ جیک وائلڈرمتھ نے دو اور میتھیو کوہن مین نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں برسبین ہیٹ کی ٹیم دباؤ میں نظر آئی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 159 رنز ہی بنا سکی۔ کوئی بھی بیٹر نصف سنچری اسکور نہ کر سکا، جس کی بڑی وجہ شاداب خان کی شاندار اسپن بولنگ تھی۔

شاداب خان نے ٹاپ آرڈر کو نشانہ بناتے ہوئے کولن منرو، جیک وائلڈرمتھ اور میٹ رینشاؤ جیسی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ہیو ویبن نے 26 گیندوں پر 30 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی جبکہ میکس برائنٹ نے 18 گیندوں پر 25 رنز جوڑے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

میچ کے اختتام پر شاداب خان سڈنی تھنڈر کے سب سے نمایاں کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو سیزن کی پہلی فتح دلوائی۔

شاداب خان کی اس کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی تعریفوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جبکہ آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کے حوالے سے بھی نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ اس وقت شاداب خان سوشل میڈیا اور ایکس کے اسپورٹس سیکشن میں ٹرینڈنگ میں ہیں۔

Load Next Story