فلاڈیلفیا، نرسنگ ہوم زوردار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دو افراد جاں بحق، متعدد لاپتا
امریکی ریاست پنسلوانیا میں فلاڈیلفیا کے مضافاتی علاقے میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے اور زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
گورنر جوش شاپیرو کے مطابق واقعے کے بعد مقامی ریسکیو اہلکاروں، عملے اور قریبی افراد نے فوری طور پر بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مدد کی۔
پنسلوانیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کی ترجمان رتھ ملر نے اس سے قبل میڈیا کو بتایا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ افراد عمارت کے اندر پھنسے ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں ایجنسی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اضافی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
حکام نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ دھماکا ممکنہ طور پر گیس لیکج کے باعث پیش آیا، تاہم تاحال واقعے کی حتمی وجہ سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
مقامی یوٹیلیٹی کمپنی پیکو نے بتایا کہ سہ پہر دو بجے کے کچھ دیر بعد انہیں نرسنگ ہوم میں گیس کی بو کی اطلاع ملی، جس پر ان کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کیا۔
کمپنی کے مطابق جب عملہ جائے وقوعہ پر موجود تھا اسی دوران نرسنگ ہوم میں دھماکا ہو گیا۔
پیکو کے بیان کے مطابق دھماکے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت نرسنگ ہوم کو قدرتی گیس اور بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی تاکہ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی رہائشیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب برسٹل ہیلتھ اینڈ ری ہیب سینٹر، جو ماضی میں سلور لیک نرسنگ ہوم کے نام سے جانا جاتا تھا، نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مقامی حکام نرسنگ ہوم میں پیش آنے والے واقعے پر کارروائی کر رہے ہیں۔
یہ مرکز فلاڈیلفیا سے تقریباً 20 میل شمال مغرب میں برسٹل ٹاؤن شپ میں واقع ہے۔