افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا کہ ساری عمر یاد رکھے گا، وزیراعظم

بھارت سے جنگ میں کشمریوں سمیت پاکستانی عوام نے افواج پاکستان کے لیے دعائیں کیں، وزیراعظم

مظفرآباد:

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا کہ ساری عمر یاد رکھے گا۔

آزاد کشمیر کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سے جنگ میں کشمریوں سمیت پاکستان نے افواج پاکستان کے لیے دعائیں کیں، جن کی بدولت پاک فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دیا اور اسے سبق سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آزاد کشمیر کے اس خطے کے لوگوں نے عظیم قربانیاں دیں، کشیری عوام نے ہمیشہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے کو اپنی آواز بنایا۔ مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہوکر پاکستان بنے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہے۔ اسپیشل چائلد افشین زاہد کی جدوجہد اور کامیابی لائق تحسین ہے، صلاحیت اور محنت جسمانی کمزوری کی محتاج نہیں۔ محنت کے ذریعے ہر فرد کو معاشرے میں اپنا مقام بنانے کے مواقع ملیں گے۔

انہو نے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے لیپ ٹاپ اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیپ ٹاپ رشوت ہوتی تو پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوان ڈاکٹر، انجینیئر اور اساتذہ سائنسدان نہ بنتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کورونا میں لیپ ٹاپ کی بدولت نوجوانوں کا روزگار جاری رہا، طلبہ نے تعلیم بھی حاصل کی، محنت اور شبانہ روز محنت کے ذریعے ہمیں پاکستان کو عظیم مملکت بنانا ہے۔ آپ اپنی ذات، اساتذہ کرام، والدین اور پوری قوم کے لیے درخشندہ ستارہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپس کی فراہمی طلباء و طالبات کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے۔ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہے اور جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو انہوں نے بھی لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی منظوری دی ہے، دانش اسکولوں میں سے بعض تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ دانش اسکول بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں کا معیار عالمی سطح کے اداروں کے برابر ہی نہیں بلکہ ان سے بہتر ہوگا۔ دانش اسکولوں میں غریب مگر ہونہار طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ مفت تعلیم دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی، جو ٹیکنالوجی پر مبنی ادارہ ہوگا۔ اے آئی، آئی ٹی، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور جدید لیبارٹریز پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجراء کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے قابل طلبہ کو وظائف دیں گے۔

متعلقہ

Load Next Story