طالبان کی نئی کارروائی، ڈاڑھی منڈوانے پر شہری گرفتار
افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں افغان طالبان کے محکمہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے اہلکاروں نے ڈاڑھی منڈوانے پر ایک شہری کو حراست میں لے لیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح امین اللہ عزیزی نامی شخص کو طالبان اہلکاروں نے گرفتار کیا، جس کے بعد سے اس کی حالت یا مقام کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
رپورٹس کے مطابق ہرات میں اس سے قبل بھی
ڈاڑھی منڈوانے پر شہریوں کو طالبان کی جانب سے سخت رویے اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان حکام نے اس گرفتاری یا اس کی وجوہات پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
واضح رہے کہ طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف کی جانب سے جاری کردہ ضوابط کے تحت مردوں کو ڈاڑھی منڈوانے سے منع کیا گیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد طالبان نے افغانستان بھر میں سخت سماجی اور مذہبی قوانین نافذ کیے ہیں، جن پر اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔