سیکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی، مطلوب دہشتگرد سمیت دو خوارج ہلاک

ہلاک ہونے والا خارجی رنگ لیڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور سر کی قیمت مقرر تھی، آئی ایس پی آر

فوٹو: فائل

ڈی آئی خان:

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب رنگ لیڈر سمیت دو خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 24 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور  فائرنگ کے نتیجے میں خارجی رنگ لیڈر دلاور سمیت دو خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا خارجی دلاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، جو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا تھا اور حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے “عزم استحکام” کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

Load Next Story