بھارتی اداکارہ ملیکا شیراوت وائٹ ہاؤس میں کیا کررہی ہیں؟ سوشل میڈیا پر تبصرے
بالی ووڈ کی معروف بولڈ اداکارہ ملیکا شیراوت اس وقت سوشل میڈیا پر مرکزِ نگاہ بن گئیں جب انہوں نے وائٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے سالانہ کرسمس ڈنر سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
اداکارہ کی اس خصوصی تقریب میں شرکت نے مداحوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین کو بھی حیرت میں ڈال دیا اور دعوت کے پس منظر پر سوالات اٹھنے لگے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں ملیکا شیراوت کو وائٹ ہاؤس کے باہر اور داخلی راستے پر پوز دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے گلابی لباس زیب تن کیا ہوا تھا، جو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرتا نظر آیا۔
اداکارہ نے تقریب کی چند ویڈیوز بھی پوسٹ کیں جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک تصویر میں وائٹ ہاؤس کے کرسمس ڈنر کا باضابطہ دعوت نامہ بھی شامل تھا۔
جہاں کچھ صارفین نے اداکارہ کو اس اعزاز پر مبارکباد دی، وہیں بڑی تعداد میں لوگوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ انہیں اس قدر محدود اور خصوصی تقریب میں کس بنیاد پر مدعو کیا گیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ مبارک ہو، مگر یہ دعوت کیسے ملی؟ جبکہ ایک اور نے اسے محض ’شو آف‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کا کرسمس ڈنر ہر سال دسمبر میں منعقد کیا جاتا ہے، جس کی میزبانی امریکی صدر اور فرسٹ فیملی کرتے ہیں۔ ابتدا میں یہ تقریب ایک سادہ خاندانی اجتماع ہوا کرتی تھی، تاہم وقت کے ساتھ یہ ایک باوقار اور نمایاں ایونٹ بن چکی ہے، جس میں سرکاری عہدیداروں کے ساتھ مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی منتخب اور بااثر شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔