ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر فضائی نیویگیشن و آپریشنل صلاحیت سے متعلق اہم تنصیب مکمل
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر جدید ڈوپلر وی ایچ ایف اومنی ڈائریکشنل رینج/ ڈسٹنس میجرنگ ایکوئپمنٹ (DVOR/DME) کی تنصیب اور کمیشننگ کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔
منصوبہ نومبر 2024 میں موجودہ کنونشنل وی او آر (سی وی او ار) کی جگہ جدید نیویگیشن سسٹم کی تنصیب کے لیے شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد درست فضائی نیویگیشن، آپریشنل صلاحیت اور مجموعی فضائی تحفظ/ایویشن سیفٹی میں بہتری لانا ہے۔
کمیونیکیشن، نیویگیشن اینڈ سرویلنس (سی این ایس) ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک محنت کے باعث یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہوا۔ نئے نصب کیے گئے DVOR/DME کی فلائٹ انسپیکشن اور کیلیبریشن کا عمل گزشتہ دو دنوں تک جاری رہا جو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر DVOR/DME کی کمیشننگ، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے فضائی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی معیار کے مطابق محفوظ اور مؤثر فضائی آپریشنز کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔