ٹی وی پر فٹبال میچ دیکھنے پر جھگڑا، شوہر نے فائرنگ سے بیوی کو قتل اور بیٹی کو زخمی کردیا

پولیس کو گھر سے ایک تحریری نوٹ بھی ملا جو مقتولہ نے اپنے شوہر کے نام لکھا تھا


ویب ڈیسک December 26, 2025

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک گھریلو جھگڑا المناک انجام تک پہنچ گیا جہاں ٹی وی پر فٹبال میچ دیکھنے کے معاملے پر ہونے والے تنازع میں ایک خاتون ہلاک، ان کی کمسن بیٹی شدید زخمی جبکہ شوہر نے بعد ازاں خودکشی کر لی۔

پولک کاؤنٹی کے شیرف گریڈی جڈ کے مطابق 47 سالہ جیسن کینی نے اپنی اہلیہ کرسٹل کینی کو گولی مار کر قتل کیا اور ان کی 13 سالہ بیٹی کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ واقعہ پیر کی رات پیش آیا، جب جیسن کینی نشے کی حالت میں این ایف ایل کا میچ دیکھ رہا تھا اور گھر کے اندر ٹی وی کے کنٹرول پر جھگڑا شروع ہوا۔

حکام کے مطابق جھگڑا شدت اختیار کر گیا تو کرسٹل کینی نے اپنے 12 سالہ بیٹے کو پڑوسی کے گھر جا کر 911 پر کال کرنے کو کہا۔ بچہ گھر سے نکل گیا، تاہم اسی دوران فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

پولیس کے پہنچنے پر کرسٹل کینی کو سر میں گولی لگنے کے باعث مردہ پایا گیا، جبکہ ان کی 13 سالہ بیٹی کو کندھے اور چہرے پر گولیاں لگی تھیں۔ زخمی بچی نے بتایا کہ اس نے حملہ آور سے بارہا فائر نہ کرنے کی التجا کی، مگر اس کے باوجود اس پر گولیاں چلائی گئیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچی کی حالت نازک مگر مستحکم ہے اور وہ ہوش میں ہے۔

واقعے کے وقت گھر میں ایک سالہ بچی بھی موجود تھی، جو محفوظ رہی اور اپنے جھولے میں سو رہی تھی۔

فائرنگ کے بعد جیسن کینی موقع سے فرار ہو گیا اور بعد میں اپنے والد کے گھر کے شیڈ میں جا کر خود کو بند کر لیا۔ پولیس کے پہنچنے کے کچھ دیر بعد ایک گولی کی آواز آئی، جس کے بعد جیسن کینی کو مردہ پایا گیا۔ حکام کے مطابق اس نے خودکشی کر لی۔

پولیس کو گھر سے ایک تحریری نوٹ بھی ملا جو مقتولہ نے اپنے شوہر کے نام لکھا تھا، جس میں اس نے نشے اور منشیات چھوڑنے اور علاج کرانے کی اپیل کی تھی۔

واقعے کے بعد تینوں بچوں کو نانی نانا کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ شیرف کے مطابق یہ واقعہ پولیس اہلکاروں سمیت تمام افراد کے لیے شدید صدمے کا باعث ہے، خاص طور پر کرسمس سے چند دن قبل۔

مقبول خبریں