راولپنڈی، نوبیاہتا لڑکی کا پراسرار قتل، شوہر زخمی
فوٹو: فائل
تھانہ روات کے علاقے چک بیلی خان روڈ بانیان میں پراسرار طور پر دو ماہ کی نوبیاہتا لڑکی کو قتل اور ان کے شوہر کو زخمی کردیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق شہری سلیمان نے اطلاع دی کہ محمد ریحان اپنی اہلیہ 21 سالہ طیبہ بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر دوائی لینےگیا تھا لیکن واپسی دیر کی اور تلاش کے دوران ان کی موٹر سائیکل راستے میں پڑی ہوئی ملی۔
انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیل کے قریب ہی طیبہ کی لاش تھی اور کچھ فاصلے پر ریحان زخمی حالت میں ملا اور انہوں نے بتایا کہ شکیل اور اس کے ساتھی نے فائرنگ کرکے اہلیہ کو قتل اور مجھے زخمی کردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاع پر ایس ایچ او روات انسپکٹر زاہد ظہور پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور شواہد اکھٹے کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم اور زخمی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کیں۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوان انکشاف ہوا کہ مقتول اور زخمی کی شادی دو ماہ قبل انجام پائی اور مقتولہ کے حوالے سے یہ بھی بات سامنے آئی شادی سے پہلے ان کی بات دوسری جگہ طے ہوئی تھی۔
جائے وقوع سے پولیس کو موٹر سائیکل میں دو گولیاں لگنے کے شواہد ملے ہیں، مقتولہ کو سر میں گولی مار کر قتل کیاگیا اور زخمی ریحان کے سر میں چوٹ کا نشان پایا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔