شہر قائد میں قائم سول اسپتال سے نامعلوم خاتون اور مرد شیر خوار بچے کو مبینہ طور پر اغوا کر کے لے گئے جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول اسپتال میں نامعلوم خاتون اور مرد اہل خانہ کو چکما دے کر شیر خوار بچے کو مبینہ طور پر اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے جس کا مقدمہ عیدگاہ پولیس نے درج کرلیا۔
ایس ایچ او عید گاہ حفیظ الرحمن نے بتایا کہ چار ماہ کا اذان اپنی والدہ کے ساتھ اسپتال آیا ہوا تھا کہ نامعلوم خاتون اور مرد آئے اور انہوں نے اذان کو کسی بہانے سے والدہ سے لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ مغوی بچہ لیاری کے علاقے میرا ناکہ میں اپنے والدین کے ساتھ فٹ پاتھ پر رہتا ہے اور بچے کے والدین بھیک مانگتے ہیں ۔
پولیس کے مطابق اغوا کاروں کی سی سی ٹی فوٹیجز حاصل کرلی گئی ہیں جس میں خاتون اور مرد کو بچے کو لےجاتے ہوئے دیکھا گیا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔