شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری! رہائشی و کمرشل پلاٹ آسان اقساط پر دستیاب
لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے آئندہ قرعہ اندازی کے لیے رہائشی اور کمرشل پلاٹس مارکیٹ میں پیش کردیے۔
پلاٹس کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی 24 فروری 2026 کو منعقد ہوگی۔ جوہر ٹاؤن، ایل ڈی اے سٹی، چائنہ سکیم گجرپورہ، سبزہ زار اور موہلنوال کے پلاٹس قرعہ اندازی میں شامل ہیں۔
جوہر ٹاؤن آر بلاک میں واقع پانچ مرلے کے 37 رہائشی پلاٹس، چائنہ سکیم گجرپورہ بی تھری اور سی تھری بلاک میں 6 اور 7 مرلے کے 30 کمرشل پلاٹس، سبزہ زار ایف بلاک میں 3.44 مرلے کے 25 کمرشل پلاٹس اور موہلنوال ڈی بلاک میں 3 مرلے کے 50 رہائشی پلاٹس شامل ہیں۔
ایل ڈی اے سٹی میں اے ون بلاک میں 13 اور بی ون بلاک میں 17 ایک کنال کے رہائشی پلاٹس بھی قرعہ اندازی میں رکھے گئے ہیں۔ شہری تین سال کی 12 مساوی اقساط میں ادائیگی کر کے پلاٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
قرعہ اندازی میں شامل ہونے کے لیے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 فروری ہے جبکہ درخواست فارم 28 دسمبر سے دستیاب ہوں گے۔ کامیاب امیدوار یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت بھی حاصل کر سکیں گے۔
جوہر ٹاؤن پانچ مرلے کے پلاٹ کے لیے 20 ہزار روپے، ایل ڈی اے سٹی ایک کنال کے پلاٹ کے لیے 10 ہزار روپے، سبزہ زار 3.44 مرلے کے کمرشل پلاٹ کے لیے 12 ہزار روپے، چائنہ اسکیم گجرپورہ 6 اور 7 مرلے کے کمرشل پلاٹ کے لیے 8 ہزار روپے اور موہلنوال 3 مرلے کے پلاٹ کے لیے 5 ہزار روپے ناقابل واپسی فیس رکھی گئی ہے۔
شہری ایل ڈی اے موبائل ایپ، ویب سائٹ یا سیٹیزن فیسلٹیشن سنٹر کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔