اسرائیل کا ’صومالی لینڈ‘ کو تسلیم کرنے کا اعلان عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار
پاکستان نے صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے نام نہاد علاقے ’’صومالی لینڈ‘‘ کی آزادی کو تسلیم کرنے کا اعلان بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدامات نہ صرف برادر ملک صومالیہ کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ پورے خطے کے امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
عالمی برادری اس طرح کے اقدامات کو مسترد کرے اور خطے میں امن و استحکام کی جاری کوششوں کو نقصان پہنچانے سے اسرائیل کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
پاکستان وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
جاری بیان میں دوٹوک الفاظ میں اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کو کسی بھی صورت ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے کے کسی بھی اقدام کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔