عماد وسیم کا اہلیہ کو طلاق دینے کا اعلان

عماد وسیم نے تسلیم کیا کہ اہلیہ سے طویل عرصے سے اختلافات تھے جو حل نہ ہوسکے

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مشہور آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طویل عرصے سے اختلافات کا اعتراف کرتےہوئے طلاق دینے کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ ‘طویل سوچ وبچار اور مسلسل اختلافات، جو گزشتہ چند برسوں سے حل نہیں ہوسکے، کے بعد میں نے طلاق کے لیے کیس دائر کردیا ہے’۔

انہوں نے لکھا کہ ‘میری درخواست ہے کہ ہماری پرائیویسی کا خیال رکھیں اور ہماری پرانی تصاویر استعمال کرنے یا شیئر کرنے سے گریز کریں اور برائے مہربانی آئندہ ان کا میری اہلیہ کے طور پر حوالہ دینے سے بھی گریز کریں ’۔

عماد وسیم نے بتایا کہ ‘سب سے درخواست ہے کہ کسی قسم کے گمراہ کن بیانات پر اعتبار کرنے یا پھیلانے کا باعث نہ بنیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس ذاتی معاملے پر بدنام کرنے یا کسی دوسری کو ملوث کرنے کی کوئی بھی کوشش کا جواب اگر ضروری ہوا تو باقاعدہ قانونی راستے کے ذریعے دیا جائے گا’۔

مشہور آل راؤنڈر نے کہا کہ ‘بچوں کے حوالے سے میں ان کا باپ ہوں اور پوری ذمہ داری کے ساتھ ان کا خیال رکھوں گا’۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم کے افیئرز اہلیہ کے ساتھ اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں لیکن کرکٹر کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی تاہم ان کی اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبہم بیانات سامنے آئے تھے۔

رواں برس جولائی میں ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘میں نے تمہیں 9 ماہ اپنی کوکھ میں رکھا، اللہ مجھے آگے سفر کے لیے مزید طاقت دے، زایان’۔

عماد وسیم نے ایک برس قبل دسمبر 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، انہوں نے پاکستان کی جانب سے 55 ون ڈے اور 75 ٹی20 میچز کھیلے اور قومی ٹیم کے لیے انہوں نے چند یادگار اننگز بھی کھیلی ہیں۔

Load Next Story