باجوڑ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران پانچ خوارج ہلاک، میجر شہید

میجر عدیل دوران آپریشن اگلے مورچوں کی قیادت کر رہے تھے، نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا، فیلڈ مارشل کی شرکت

راولپنڈی:

سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ پانچ خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے میجر عادل زمان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، وہ اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘  کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، فوجی اور سول افسران اور عوام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عدیل زمان شہید کی قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی،  میجر عدیل زمان شہید نے مردانہ وار قیادت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ قربانیاں ان کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے اور استقامت کو سراہا۔

Load Next Story