سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے میچز عارضی طور پر ملتوی
بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر ملک بھر میں سوگ کی فضا قائم ہے، جس کے باعث بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے آج کے تمام میچز عارضی طور پر ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر لیگ کے میچز مؤخر کیے جا رہے ہیں، جبکہ نئے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق فیصلے کا مقصد قومی سطح پر سوگ کا احترام کرنا ہے۔
واضح رہے کہ خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ جگر کے عارضے سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھیں اور طویل عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے ایک نجی اسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا، جس پر سیاسی، سماجی اور کھیلوں کے حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔