آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا سال نو پر ہوائی فائرنگ سے متعلق اہم پیغام

پولیس کو شاہراہوں، بازاروں اوراہم مقامات پر تعینات کیاگیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جاسکے، آئی جی سندھ

فوٹو: فائل

کراچی:

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن نے شہریوں سے سال نو کے موقع پر قانون کی مکمل پاسداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی اور ون ویلنگ سے سختی سے اجتناب کیا جائے۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شہریوں کو پیغام میں کہا کہ سال نو کی خوشیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، لہٰذا شہری ذمہ دارانہ اور محتاط رویہ اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں، سال نو کے موقع پر حساس مقامات، تفریحی مراکز، ہوٹلز، پارکس اور عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو شاہراہوں، بازاروں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات کیا  گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جا سکے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سال نو کے حوالے سے پولیس کی تیاریوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سال نو کے موقع پر تمام زونز اور اضلاع میں کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز بالخصوص متحرک رہیں گی تاکہ شہریوں کو بروقت اور فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

Load Next Story