چاند پر رہائش کیلئے بننے والے گھر کیسے ہوں گے؟

ڈیزائنر اور انجینئر کو ’گہری خلائی مہمات‘ کیلئے ایسے رہائشی ڈھانچوں کا ٹاسک دیا گیا جو تھری ڈی پرنٹنگ سے بنائے جا سکیں

مستقبل میں چاند اور مریخ پر آباد ہونے والے انسانوں کے لیے تھری ڈی پرنٹڈ گھروں کے ڈیزائن سامنے آگئے۔

ناسا کے سینٹینیل چیلنج کے تحت ماہر ڈیزائنرز اور انجینئرز کو ’گہری خلائی مہمات‘ کے لیے ایسے رہائشی ڈھانچے تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا جو تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تعمیر کیے جا سکیں۔ یہ چیلنج چار برس تک جاری رہا۔

مقابلے میں پیش کیے گئے ڈیزائنز اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ مستقبل میں خلا میں سفر کرنے والے انسان کس قسم کے گھروں میں رہ سکتے ہیں۔ ان گھروں کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ پرنٹ کیا جا سکے گا۔

ناسا کے مطابق ان خلائی گھروں کو ترجیحاً مقامی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا (جیسے چاند یا مریخ پر موجود مٹی) تاکہ زمین سے اضافی سامان لے جانے کی ضرورت کم ہو سکے۔

ناسا کے سینئر عہدیدار اسٹیو جرزِک نے کہا کہ خلا میں انسانی موجودگی کے لیے رہائش ایک بنیادی ضرورت ہے، تاہم خلائی جہازوں میں جگہ اور وزن محدود ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جا رہی ہے جس کے ذریعے ساتھ لائے گئے مواد کو وہاں دستیاب وسائل کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جا سکے۔

ان کے مطابق جب زمین پر ری سائیکلنگ کی جاسکتی ہے تو مریخ پر کیوں نہیں۔

اگرچہ اس بات کی کوئی حتمی ضمانت نہیں کہ یہ ڈیزائن عملی طور پر چاند یا مریخ تک پہنچ سکیں گے۔ تاہم، یہ تصورات مستقبل کی خلائی آبادکاری کی سمت ایک اہم قدم ہیں اور آنے والے وقت میں انسانوں کی سیاروں پر بسنے والی زندگی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

Load Next Story