کراچی؛ نئے سال کا جشن منانے کے دوران کی گئی ہوائی فائرنگ، نوعمر لڑکی سمیت 25 افراد زخمی
فوٹو: فائل
شہر میں نئے سال 2026 کا جشن منانے کے دوران ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے شہریوں کے زخمی ہو کر اسپتال لائے جانے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا اور نو عمر لڑکی سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے 59 افراد کو ہوائی فائرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان شاہد چوہدری کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہوائی فائرنگ کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں چنیسر گوٹھ کے قریب 36 سالہ مختیار، گولیمار حاجی مرید گوٹھ کے قریب 33 سالہ نبیل، نیو سبزی منڈی میزان بینک کے قریب 40 سالہ نیک محمد، کورنگی 5 نمبر کے قریب 20 سالہ احمد جبکہ پاک کالونی بڑا بورڈ چمن سینما کے قریب 30 سالہ محمد اسلم زخمی ہوگیا۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن نے بتایا کہ کورنگی کے ایریا مارکیٹ کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 11 سالہ مہہ جبین زخمی ہوگئی، اعظم بستی گلی نمبر 13 کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ خالق مسیح، صفورا چورنگی کے قریب 7 سالہ فریحہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں۔
اسی طرح نارتھ ناظم آباد بلاک آئی امام کلینک کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 16 سالہ شام کمار، جوہر موڑ کے قریب 65 سالہ حاجی ظہیر، لیاری کلاکوٹ کے قریب 45 سالہ جان بہادر ، لیاقت آباد 420 ہوٹل کے قریب 18 سالہ فیضان زخمی ہوگیا۔
منظور کالونی شالیمار بیکری قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت 71 سالہ سلامت گل کے نام سے ہوئی، قیوم آباد کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
گلزار ہجری سکندر گوٹھ کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی، لیاری جونا مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
لائنز ایریا حسینی امام بارگاہ کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی، جبکہ کورنگی 5 نمبر کے قریب 8 سالہ فاریہ اندھی گولی کا شکار بنی۔
سچل گلزار ہجری میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 45 سالہ شمیم نامی خاتون زخمی ہوئی، لانڈھی 6 نمبر کے 18 سالہ محمد حسین گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
کشمیر روڈ کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت 34 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی۔
گارڈن پی ایس او پمپ کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت 44 سالہ احمد کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق طارق روڈ نورانی کباب ہاؤس کے قریب اندھی گولی لگنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت 30 سالہ فراز اور 25 سالہ سفیان کے نام سے کی گئی ہے۔
کراچی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے زخمی افراد کو عباسی، جناح اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہوائی فائرنگ کے الزام میں 59 افراد گرفتار
پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں 59 افراد کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزم محمد سلیمان گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ گلبرگ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 3 افراد عثمان، بلال اور بلاول کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یوسف پلازہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 5 ملزمان، جوہر آباد پولیس نے 2 ملزمان اورسپر مارکیٹ پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ قائد آباد پولیس نے مظفر آباد کالونی میں چھاپہ مار کر ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزم سلمان کو گرفتار کر کے 30 بور پستول، گولیاں اور چلیدہ خول برآمد کرلیے۔
گلشن معمار پولیس نے نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم ولی محمد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث 19 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے 17 ملزمان کو حراست میں لیا۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان گرفتار کیے۔
دیگر اضلاع میں بھی پولیس نے بروقت اقدامات کیے۔ ضلع ملیر سے ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ سے 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
کورنگی پولیس نے 2، ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے 3 اور کیماڑی ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک سنگین جرم ہے جس سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں، اس لیے اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔