16 سال کی عمر میں ٹرین کے اندر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ملکہ برطانیہ کا انکشاف
برطانیہ کی ملکہ کمیلا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں ایک اجنبی شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے یہ واقعہ بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بیان کیا۔
ملکہ کمیلا نے بتایا کہ نوجوانی کے زمانے میں وہ ایک دن ٹرین میں سفر کر رہی تھیں اور کتاب پڑھ رہی تھیں کہ اسی دوران ٹرین میں موجود ایک اجنبی شخص نے اچانک ان پر حملہ کیا اور انہیں ہراساں کرنے لگا۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل لمحے میں انہیں اپنی والدہ کی نصیحت یاد آئی، جس کے بعد انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا، جوتا اتار کر حملہ آور کو دے مارا اور مزاحمت کے بعد فوراً ٹرین سے اتر گئیں۔
ملکہ کمیلا کے مطابق اس وقت ان کی عمر تقریباً 16 یا 17 سال تھی اور یہ واقعہ کئی برسوں تک ان کے لیے ذہنی صدمے کا باعث بنا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی گھریلو تشدد یا ہراسانی کے موضوع پر بات ہوتی ہے تو یہ واقعہ انہیں دوبارہ یاد آ جاتا ہے، جو آج بھی انہیں پریشان کر دیتا ہے۔