افغانستان میں شدید بارشوں اور برفباری کے بعد تباہ کن سیلاب، 17 افراد جاں بحق

ترجمان کے مطابق سیلاب سے کئی اضلاع میں گھروں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جبکہ مال مویشی بھی بہہ گئے

افغانستان میں موسمِ سرما کی پہلی شدید بارشوں اور برفباری کے بعد مختلف علاقوں میں سیلاب آ گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

افغانستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان محمد یوسف حماد نے بتایا کہ طویل خشک سردی کے بعد اچانک ہونے والی طوفانی بارش نے وسطی، شمالی، جنوبی اور مغربی علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔

ترجمان کے مطابق سیلاب سے کئی اضلاع میں گھروں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جبکہ مال مویشی بھی بہہ گئے۔ مجموعی طور پر 1800 سے زائد خاندان اس قدرتی آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کو سروے کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق افغانستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید موسمی حالات کا سامنا کر رہا ہے اور ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے وسائل کی کمی ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کی جنگوں اور انفراسٹرکچر کی تباہی نے بھی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story