ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی عزم کیا تھا کہ خسارے کا شکار ریاستی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے انتہائی اہم سنگ میل ہے، ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے جی ڈی پی میں خاطرخواہ اضافہ خوش آئند ہے، ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں۔
وزیراعظم نے حالیہ دور کے دوران صدر یو اے ای سے ملاقات کو دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے تناظر میں انتہائی مفید قرار دیا، اجلاس میں وزیراعظم نے گزشتہ روز سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد سے بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اسٹریٹیجک تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے سی سی ایل سی کے فیصلوں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے کارروائی کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں اور آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس لیوی کے حوالے سے تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی بھی توثیق کردی۔
کابینہ نے تھرڈ پارٹی کی جانب سے آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت، صدارتی حکم نامے کے اجرا کے لیے کارروائی کی منظوری دے دی۔